ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پاکستانی کرکٹ ٹیم کی 400ویں ٹیسٹ میچ میں جیت،ویسٹ انڈیز کی ٹیم پانچویں روز جیت کے قریب پہنچ کر 56رنز سے ہار گئی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کی 400ویں ٹیسٹ میچ میں جیت،ویسٹ انڈیز کی ٹیم پانچویں روز جیت کے قریب پہنچ کر 56رنز سے ہار گئی

Wed, 19 Oct 2016 11:41:02    S.O. News Service

دبئی،18اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان کرکٹ ٹیم نے دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں جزائر غرب الہند (ویسٹ انڈیز)کی ٹیم کو56رنز سے شکست دے دی ہے۔پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ چار سو واں میچ تھا اور اس میں اس نے ویسٹ انڈیز سے کھیل کے آخری روز ایک سخت اور دلچسپ مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی ہے۔دن اور رات میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیتا تھا اور پہلے خود بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستانی ٹیم نے تین وکٹ کے نقصان پر579رنز بنا کر اپنی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔پاکستانی اننگز کی خاص بات اوپنر اور نائب کپتان اظہرعلی کی شاندار ٹرپل سینچری تھی۔انھوں نے 302رنز بنائے اور ناٹ رہے تھے۔ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں کسی بلے باز کی یہ پہلی ٹرپل سینچری تھی۔انھیں اس شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ان کے ساتھ اوپنر سمیع اسلم نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 215رنز بنائے تھے۔سمیع اسلم 90رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔تیسرے نمبر پر اسد شفیق کھیلنے کے لیے آئے تھے اور وہ 67رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے۔پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابراعظم تھے۔یہ ان کا پہلا ٹیسٹ میچ تھا اور انھوں نے 69رنز بنائے تھے۔کپتان مصباح الحق نے جب اننگز ڈیکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا تو اس وقت وہ خود29رنز پر کھیل رہے تھے۔ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے اس بھاری اسکور کے جواب میں پہلی اننگز میں357رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ڈی ایم براوو نے سب سے زیادہ 87رنز بنائے۔ان کے بعد ایم این سیموئلز 76رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے تھے۔پاکستان کے سپن باؤلر یاسر شاہ نے پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا اور سترہ ٹیسٹ میچوں میں ایک سو وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔پاکستانی ٹیم نے دوسری اننگز میں مایوس کن کھیل پیش کیا اور اس کے بلے باز ویسٹ انڈیز کے باؤلر ڈیونڈرا بیشو کا مقابلہ نہ کرسکے اور یوں پوری ٹیم صرف 123رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔اوپنر سمیع اسلم نے سب سے زیادہ 44رنز بنائے جبکہ پہلی اننگز میں ٹرپل سینچری بنانے والے اطہر صرف دو رنز بنا کر پویلین کو لوٹ گئے۔بیشو نے آٹھ پاکستانی بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔دوسری اننگز میں پاکستان کے سات کھلاڑی دس کا ہندسہ بھی عبور نہیں کرسکے تھے۔اس طرح پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو مجموعی طور پر جیت کیلئے 345رنز کا ہدف دیا لیکن اس کی پوری ٹیم 289رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈی ایم براوو نے دوسری اننگز میں بھی پاکستانی باؤلروں کی بھرپور مزاحمت کی اور وہ 116رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ایک وقت میں وہ ویسٹ انڈیز کو جیت کے قریب لے آئے تھے لیکن دوسرے بلے باز وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے اور پانچویں اور آخری روز کے آخری گھنٹے کے کھیل میں پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے آخری بلے باز ایس ٹی جبرائیل کو رن آؤٹ کرنے کے بعد کامیابی سے ہم کنار ہوگئی ہے۔ اب دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 21اکتوبر سے ابوظبی میں کھیلا جائے گا۔


Share: